22

وزیراعظم نے کابینہ کا اہم اجلاس منگل کو طلب کر لیا

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس منگل کو طلب کر لیا ہے جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا بھی سامنے آ گیا ہے جس کے مطابق اجلاس میں منی بجٹ کی منظوری سے متعلق تبادلہ خیال کرنے کیساتھ ساتھ فنانس ترمیمی بل اور ہنگامی مالی ادائیگیوں کی اشاعت کی منظوری بھی دی جائے گی۔
اجلاس میں قائد اعظم یونیورسٹی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف انٹیلی جنس اینڈ سیکیورٹی سٹڈیز کے قیام کی منظوری دینے کے علاوہ چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کی 2 سال کی تعیناتی اور پاکستان تمباکو بورڈ کی تشکیل نو کے نوٹیفکیشن کی منظوری بھی دی جائے گی۔
منگل کے روز شیڈول کابینہ اجلاس میں ملزم عبدالقادر احسن کی پاکستان سے برطانیہ حوالگی کی منظوری دی جائے گی اور ادارہ شماریات میں ممبر اقتصادی اعداد و شمار، ممبر ریسورس مینجمنٹ اور ممبر سپورٹ سروسز کی تعیناتی کی منظوری بھی دی جائے گی جبکہ سی پیک اتھارٹی، وزارت ماحولیات چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں