4

کرس گیل اور ڈیوائن براؤ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرڈ

دبئی: ویسٹ انڈیز کے اسٹار بلے باز کرس گیل اور آل راؤنڈر ڈیوائن براؤ نے آسٹریلیا کے خلاف اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا۔

متحدہ عرب امارات میں کھیلے جارہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں اپنے آخری میچ سے قبل ڈیوائن براو نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔ براو نے 91 میچز میں 4 نصف سنچریوں کی مدد سے 1255 رنز بنائے اور 78 وکٹیں حاصل کیں۔


کرس گیل کی جانب سے باضابطہ طور پر ریٹائرمنٹ کا کوئی اعلان سامنے نہیں آیا البتہ متعدد ویب سائٹ نے ان کی ریٹائرمنٹ کا دعویٰ کیا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کرس گیل آج الگ ہی موڈ میں دکھائی دیے، وہ خلاف توقع رنگ برنگے چشمے پہن کر بیٹنگ کے لیے آئے جب کہ بیٹنگ میں بھی گیل آج جارحانہ موڈ میں دکھائی دیے اور آتے ساتھ ہی 2 چھکے لگائے تاہم پیٹ کمنز نے انہیں 15 رنز پر بولڈ کردیا۔

کرس گیل جب آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ کے لیے آئے تو ویسٹ انڈیز کے تمام کھلاڑیوں نے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور آؤٹ ہونے کے بعد ’دی باس‘ نے بلا ہلا کر شائقین کرکٹ سے داد وصول کی۔

واضح رہے کرس گیل 79 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دو سنچریوں اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 1899 رنز بناچکے ہیں اور انہوں نے 20 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ بھی دکھائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں