32

بغداد: اسپتال میں آگ لگنے سے 82 افراد جاں بحق، 110 زخمی

بغداد: عراق کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے 82 افراد جاں بحق اور 110 زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عراق کے دارالحکومت بغداد کے اسپتال ابن الخطیب میں رات گئے آگ لگ گئی جس نے خوفناک صورتحال اختیار کر لی۔ اسپتال میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریض زیر علاج تھے۔

آگ لگنے کی وجہ کرونا وائرس کے آئی سی یو میں آکسیجن کا سلنڈر پھٹنے سے سامنے آئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق آئی سی یو میں اچانک آگ بھڑکی جس سے آکسیجن ٹینک پھٹ گیا جس سے شعلے بہت تیزی سے پھیل گئے اور زیادہ جانی نقصان ہوا۔

عراق کے وزیر اعظم نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 3 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

دوسری طرف واقعے پر عوام میں شدید غم و غصہ پھیل گیا ہے اور عوام کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ اعلیٰ سطح کے عہدے داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:

سول ڈیفنس حکام کا کہنا تھا کہ اسپتال میں آگ سے بچاؤ کا کوئی سسٹم موجود نہیں تھا اور ناقص چھتوں نے شعلوں کو آگ پکڑنے والی دیگر اشیا تک آسانی سے پھیلا دیا۔

عراقی سول ڈیفنس یونٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اسپتال سے 120 مریضوں اوران کے رشتہ داروں میں سے 90 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں