49

پبلک ٹرانسپورٹ میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے

قصور (ڈسٹرکٹ رپورٹر پنجا ب ٹائمز فاروق احمد) پبلک ٹرانسپورٹ میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار حافظ محمد عثمان سیکرٹری ڈی آر ٹی اے قصور نے ضلع قصور میں کرونا ایس او پیز کے حوالے سے پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں اور شاہراہوں پر چیکنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ مارچ میں 1347 گاڑیو ں کو چیک کیا گیا، کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 278 گاڑیوں کے چالان جبکہ 128 کو بند کیا گیا۔ 2لاکھ،16ہزار 5 سو روپے کے جرمانے بھی کیے گئے۔حافظ محمد عثمان نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی مہلک ہے اور اس سے بچنے کیلئے ہر فرد کو حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنا ہوگا کیونکہ کرونا وائرس سے بچاؤ کا واحد حل احتیاط ہی ہے۔ انہوں نے ٹرانسپورٹرز، عملہ ٹرانسپورٹ ہاکر، کنڈیکٹرز اور ڈرائیورز کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ بغیر ماسک کسی سواری کو گاڑی میں سوار نہ ہونے دیا جائے،سیناٹائزر کا استعمال کیا جائے اور مسافروں کو گاڑی میں سوار کرتے وقت ان کا ٹمپریچر بھی چیک کیا جائے۔ گاڑی میں سوار مسافروں کے درمیان سماجی فاصلے کے اصول کو ہر صورت ممکن بنایا جائے۔ عملہ ٹرانسپورٹ بھی ماسک سمیت دیگر احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کریں۔ اس کے ساتھ ٹرانسپورٹ اڈوں پر صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے۔ خلاف ورزی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ عوام کرونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کی روک تھام میں اپنا اہم کردار ادا کریں، بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، اپنے گھروں میں محدود رہیں تاکہ آپ کی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں