48

ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار و مینڈیٹ کے مطابق کام کرے، بلاول زرداری

اسلام آباد / کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار اور مینڈیٹ کے مطابق کام کرے۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انصاف اور برابری کی بنیاد پر کھڑا ایک جمہوری معاشرہ ہی وہ بنیادی اصول تھے، جن پر یہ ملک قائم کیا گیا لیکن ہم معاشی، سیاسی اور معاشرتی دلدلوں میں دھنستے جا رہے ہیں، اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہم نے قائداعظم اور ان کے رفقاء کی عظیم تعلیمات کو بُھلا دیا ہے، قائداعظم کی زیر قیادت تحریکِ آزادی کو بھی سیاسی انجنیئرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا جاتا تھا، لیکن اس دور کے کٹھ پتلیاں نچانے والوں کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان مساوات پر کھڑا ایک ملک اور اسلامی ممالک کے لیے رول ماڈل صرف ایک ہی صورت میں بن سکتا ہے اور وہ یہ ہے کہ پاکستان اس حقیقی نظریے پر عمل پیرا ہو، جس کی بنیاد پر یہ ملک معرضِ وجود میں آیا تھا، آگے بڑھنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ آئین کی بالادستی و حقیقی جمہوریت ہو، ہر ادارہ اپنے آئینی دائرہ کار و مینڈیٹ کے مطابق کام کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو پہلے دن سے جبر کا نشانہ بنایا گیا، قائدین و کارکنان شہید اور جھوٹے مقدمات میں قید و بند مسلط کی گئیں، ان تمام ناانصافیوں و ظلم کے باوجود پیپلز پارٹی نظریئہ پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے اور قائداعظم کے وژن کی وارث ہے، پیپلز پارٹی اپنے ملک کے بانی اجداد کے خوابوں و وژن کو شرمندہ تعبیر دینے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

دوسری جانب سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ضد ،جھوٹی انا، بغض، نفرت کی سوچ نے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا ہے ، عوام کی مرضی کے بغیر ان پر حکومت مسلط کرنے کا نقصان ملک کو ہوا ہے، آج ہمیں قائد اعظم کے فلسفے پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ، سماجی اور معاشی انصاف ریاست کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، 1973 کے آئین پرعمل کرنے سے ریاست مضبوط ہوگی، آئین کی 18 ویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد کی ضمانت ہے،مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ پاکستان کے لئے وفاق کی تمام اکائیوں سے انصاف کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں